رائے پور، 19؍جولائی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )چھتیس گڑھ کے مہاسمند ضلع میں پولیس نے تقریباََآٹھ لاکھ روپے کے جعلی نوٹ کے ساتھ دولوگوں کوگرفتارکیاہے۔برآمدجعلی نوٹ 2-2ہزار روپے کے ہیں۔مہاسمند ضلع کے ایڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ سنجے کماردھرونے آج میڈیا کوبتایا کہ ضلع کے سرائے پا لی تھانہ علاقہ میں پولیس نے جعلی نوٹوں کے ساتھ لطیف خان(32)اور مدھو سودن رانا(40)کو گرفتار کیا ہے۔پولیس نے ان سے سات لاکھ80ہزار روپے کے جعلی نوٹ برآمد کئے ہیں۔دھرو نے بتایاکہ لطیف خان سرائے پالی اور رانا پڑوسی ریاست اڑیسہ کے برگڑھ ضلع کا رہائشی ہے۔انہوں نے بتایا کہ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ اڑیسہ سے جعلی نوٹ لاکر بلودا علاقے میں چلانے کی کوشش کی جا رہی ہے،اطلاع کے بعد پولیس ٹیم کوروانہ کیاگیاتھا۔پولیس ٹیم جب بلودا علاقے میں تھ، ،تبھی انہیں ایک مشکوک نوجوان کے بارے میں معلومات ملیں،بعدمیں جب پولیس نے صارف بن کرنوجوان سے ملاقات کی، تب نوجوان نے جعلی نوٹ دکھایا اور بتایا کہ وہ بڑی مقدار میں جعلی نوٹ فراہم کر سکتے ہیں۔بعد میں نوجوان کو حراست میں لے کر اس سے پوچھ گچھ کی گئی۔نوجوان نے اپنا نام لطیف خان بتایا اور معلومات دی کہ اس نے مدھو سودن سے جعلی نوٹ لاکر مارکیٹ میں چلایا ہے،پولیس نے لطیف سے 30ہزار روپے کے جعلی نوٹ بھی برآمد کئے۔پولیس افسر نے بتایا کہ لطیف سے معلومات ملنے کے بعد پولیس جوان کو کسٹمر بنا کر لطیف کے ساتھ مدھو سودن کے پاس اڑیسہ بھیجا گیا۔مدھو سودن جعلی نوٹ دینے کے لیے تیار ہو گیا،مدھو سودن جب چار لاکھ روپے کے جعلی نوٹ لے کر سرائے پالی علاقے میں آیا، تب پولیس نے اسے گرفتار کر لیا،بعد میں جب اس سے پوچھ گچھ کی گئی ،تو اس نے بتایا کہ اس کے گھر میں تین لاکھ 50ہزار روپے کے جعلی نوٹ ہیں،مدھو سودن سے کل سات لاکھ 50ہزار روپے کے جعلی نوٹ برآمد کئے گئے ۔افسر نے بتایا کہ پولیس نے مدھو سودن اور لطیف کو گرفتار کر لیا ہے اور ان سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے،امید ہے کہ جلد ہی اس سلسلے میں معلومات مل سکے گی کہ انہیں جعلی نوٹ کہاں سے ملا تھا۔ریاست کے مہاسمند ضلع کی پولیس نے گزشتہ سال سرائے پالی علاقے میں جعلی نوٹ چھاپنے اور چلانے کے الزام میں پانچ افراد کو گرفتار کیا تھا۔